ہم حضورؐ کی امت ہیں لازم ہے ہمارا اخلاق بھی بلند ہو: رائے اعجاز، انضمام الحق

May 23, 2017

لاہور (سٹاف رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈنز لاہور پولیس کا چہرہ ہیں اور سڑکوں پر سخت گرمی کے موسم میں شہریوں کی خدمت کرنا عبادت کے عین مترادف ہے ۔ہم حضرت محمد ﷺ کی امت ہیں اس لئے ہم پر لازم ہے کہ ہمارا اخلاق بھی بلند ہو ۔ٹریفک وارڈنز کی بنیادی ذمہ داریوں میں ٹریفک بہائو کو یقینی بنانا ، قوانین پر عمل درآمد کر وانا اور ایجوکیٹ کرنا ہے۔اگر کسی شہر ی سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہو جاتی ہے تو ان سے اخلاق و محبت سے پیش آئیں تاکہ کسی شہری کو آپ کے رویہ سے تکلیف نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں لاہور کے تمام سیکٹر ز کے ٹریفک وارڈنز کے لئے رکھے گئے تربیتی سیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم انضمام الحق ، جنرل سیکڑی نظریہ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، ڈاکٹر فوزیہ سعید ، میڈم بشرٰی مرتضٰی و ٹریفک وارڈنز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم انضمام الحق نے اس موقع پر کہا کہ ہم نبی کریم ﷺ کے پیر و کار ہیں اور اللہ پاک نے ہمیں افضل ترین مخلوق بنا کر دنیا میں بھیجا ہے اس لئے ہم پر یہ بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم دوسروں سے حسن اخلاق سے پیش آکر حضرت محمدﷺ کی امت ہونے کا ثبوت دیں ۔رمضان کریم قریب ہے اور روزہ کیساتھ 45ڈگری میں فرائض سرانجام دینے والوں کو سلام پیش کر تا ہوں۔تربیتی سیشن میںہلا ل احمر پاکستان کی جانب سے ٹریفک وارڈنز کی بلڈ سکریننگ بھی کی گئی۔

مزیدخبریں