راولپنڈی+ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی رپورٹر) بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ پر اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز سے برطانیہ ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ 7 روز میں ہیروئن برآمدگی کا بڑا واقعہ ائر لائن کیلئے دوسہرا جھٹکا ہے۔ اے این ایف کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی۔ پرواز نمبر PK-785 سے ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پراے این ایف اور پی آئی اے کی ٹیموں نے جہاز کی گرینڈ سرچنگ کرکے کیٹرنگ کے سامان کے قریب جہاز کے حصے کھول کر چیک کئے تو ان میں سے دس دس کلو کے دو تھیلے نکلے جن میں ہیروئن تھی۔ جہاز کی صفائی، چیکنگ کرنے والے تکنیکی عملے سمیت 14 افراد کو پوچھ گچھ کیلئے شامل تفتیش کر لیا گیا جن کے موبائل فون نمبر بھی قبضے میں لے لئے گئے جبکہ حراست میں لئے گئے افراد اے این ایف کے سنٹر منتقل کردیئے گئے۔ یہ پرواز قبل ازیں دن دس بجکر 25 منٹ پر پیرس سے فلائٹ نمبر PK-722 کے طور پر اسلام آباد پہنچی تھی جس نے بعد میں دن سوا ایک بجے لندن روانہ ہونا تھا طیارے سے ہیروئن ملنے پر ائر پورٹ پر موجود اس پرواز کے مسافروں میں بھی پریشانی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ واضح رہے چند روز قبل لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو روک کر تلاشی کے دوران برطانوی حکام نے ہیروئن کی برآمدگی کا دعویٰ کیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے اپنے طیاروں کے ذریعے کسی بھی قسم کی منشیات سمگل کرنے کے متعلق سخت ایکشن لیا ہے۔ یہ اقدامات ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے قائم کردہ سینٹرل آپریشن کمیٹی کی ہدایات پر کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پیر کو چار طیاروں کی تلاشی لی جانی تھی جس میں سے ایک نے لندن کےلئے روانہ ہونا تھا۔ لندن جانے والی پرواز PK785کی تلاشی اینٹی نارکوٹکس فورس، پی آئی اے سکیورٹی اور دوسری ایجنسیوں کی مدد سے طیارے کی روانگی اور مسافروں کے سوار ہونے سے قبل لی گئی۔ طیارے کی کلیئرنس ملنے کے بعد مسافروں کو طیارے میں سوار کرایا گیا اور پرواز دو گھنٹے کی تاخیر سے لندن کےلئے روانہ ہوئی۔ واقعہ کی متعلقہ ایجنسیوں کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب حسین اصغر کی سربراہی میں سمگلنگ مافیا کو بے نقاب کرنے کےلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔
اسلام آباد : پی آئی اے کی لندن جانیوالی پرواز سے بیس کلو ہیروئن برآمد‘ عملے کے 14 ارکان گرفتار
May 23, 2017