اوکاڑہ/ چنیوٹ (نامہ نگاران) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت حکومت پنجاب کی کامیابی ہے، ہم نے باتیں نہیں کیں ہم نے صرف کام کیا ہے جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ یو این ڈی پی کی یہ رپورٹ کہ شعبہ صحت اور شعبہ تعلیم میں صوبہ پنجاب باقی تمام صوبوں سے آگے ہے اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالو ں میں لوگوں کو ترکی اور ملائشیا کے ہم پلہ طبی سہولیات مل رہی ہیں۔ پنجاب کی 11کروڑ آبادی کو صحت اور تعلیم کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے بے شمار وسائل درکار ہیں جس کے لئے ہم نے دن رات کاوش کی ہے اور لوگوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن لوگوں نے دھرنے دیئے، قوم کا وقت برباد کیا اور گالی گلوچ کرتے رہے انہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کے دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں نئے تعمیر شدہ ایمرجنسی بلاک، سی ٹی سکین، ڈیجیٹل ایکسرے لیب، ہپاٹائٹس بی سی فلٹریشن کلینک کے افتتاح اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، ممبران قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق ،چوہدری ندیم عباس ربیرہ، رائو محمد اجمل، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علائو الدین، رائے نور احمد کھرل، صوبائی سیکریٹری صحت علی جان خان، کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈی پی او حسن اسد علوی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دھرنوں کے ذریعے قوم کا وقت ضائع کیا لوگ انہیں پہچان چکے ہیں لوگوں غصے میں ان کا کالی جھنڈیوں سے استقبال کر رہے ہیں سو دن کا ایجنڈا دینے والوں نے کے پی کے کو برباد کیا اب وہ قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ پنجاب حکومت نے اب تک 15اضلاع میں سی ٹی سکین مشینیں فراہم کر دی ہیں جبکہ باقی اضلاع میں بھی لگائی جا رہی ہیں۔ اگر اللہ تعالی نے موقع دیا تو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں 250 بستروں کے ایک نئے بلاک کا افتتاح کریں گے۔ نیب ایک آئینی ادارہ ہے جس کا کام کرپشن کا کھوج لگانا ہے اگر شفاف تحقیقات کرے گا تو اس کی تحسین ہو گی وگرنہ لوگ انگلیاں اٹھائیں گے نیب اپنا کردار ادا کرے اور جنہوں نے کے پی کے کو تباہ کیا اور جنہوں نے کراچی کو کرچی کرچی کیا ان سے پوچھیں، جب تک ہم اچھے کو اچھا اور برے کو برا نہیں کہیں گے تو یہ ملک اقبال اور قائد کا پاکستان نہیں بن سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے نواز شریف لیڈر ہیں پارٹی میں مشاورت ہوتی ہے کیونکہ مسلم لیگ ن میں پورے پاکستان کے لوگ شامل ہیں کسی مسئلہ پر اختلاف رائے ہو سکتا ہے یہ سچ اور جھوٹ کی بات نہیں ہوتی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ میں وزیراعلیٰ نے انسینیریٹر پلانٹ اور نئی تعمیر ہونے والی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ایم پی اے مولانا الیاس چنیوٹی اور ضلع چئیرمین ثقلین سجنکا موقع پر موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مفت دوائیں دی جارہی ہیں۔ عوام کی خدمت کیلئے زندگی وقف ہے لوگوں کی دعائیں میرا قابل قدر اثاثہ ہے۔ ہر شہری کو علاج کی بہترین سہولت دینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، ہر آنے والا مریض وی وی آئی پی ہے۔ شہباز شریف نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور مرض کی تشخیص، علاج اور بچاؤ کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈاکٹرز کی بریفنگ سنی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر الیکشن 2018 میں عوام نے ہمیں دوبارہ منتخب کیا تو 1سال میں نیا ہسپتال بنا دیں گے، چنیوٹ تا فیصل آباد اور چنیوٹ تا سرگودھا ون وے روڈ بھی بنا کر دیں گے جبکہ فیصل آباد روڈ کیلئے 2 ارب روپے مختص کر دیا گیا ہے نئی حکومت کے آتے ہی کام شروع ہو جائے گا۔
شہباز شریف