صوبائی دارالحکومت میںچین کے معروف تعمیراتی گروپ نورینکو کے تعاون سے جاری اورنج ٹرین کا منصوبہ تاخیر کے باوجود بالآخر تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے اس حوالے سے چین کے وفد کی محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں نورینکو گروپ کے صدر نے اورنج لائن منصوبے کو صوبائی حکومت کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے بین الاقوامی نورینکوگروپ کے صدروین گینگ کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔نورینکو گروپ کے صدر نے اورنج لائن میٹروٹرین کی آزمائشی سروس کے کامیاب آغاز پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا کامیاب آغاز ایک اہم سنگ میل کی گواہی دے رہا ہے۔
یہ عظیم الشان منصوبہ چین کے صدر اور وزیر اعظم کا پاکستان خصوصاً لاہور کے عوام کے لئے تحفہ ہے۔ میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی کی تاریخ میں ایک تاریخ ساز حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے میں تاخیر نہ ہوتی تو آج میٹروٹرین چل رہی ہوتی۔ ہمارے نادان دوستوںنے منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر کرائی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک رجحان ساز منصوبہ ہے۔تاخیر کا ازالہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل میرا مشن ہے۔ ملاقات میں منصوبے کے کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔صدر نورینکو گروپ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محمد شہباز شریف کے کام کرنے کی رفتار حیرت انگیز حد تک غیر معمولی ہے۔ میں نے لاہور اور پنجاب میں’’ شہباز سپیڈ‘‘ کا عملی نمونہ دیکھا ہے۔
محمدشہباز شریف نے اپنی سپیڈ کے ذریعے منصوبوں کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا ہے۔مجھے ’’شہباز سپیڈ ‘‘کے عملی مشاہدے سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ صدر نورینکو گروپ نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی محمد شہباز شریف کی انتھک محنت کی گواہی دے رہا ہے۔ محمد شہباز شریف نے اس منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کیلئے شبانہ روز کام کیا ہے۔بعض مسائل کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کے ازالے کیلئے محمد شہباز شریف اوران کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔
صدر نورینکو گروپ نے کہا کہ ہم اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ یہ منصوبہ آپ کی سپیڈ کے مطابق مکمل کیا جائے۔ صدر نورینکو گروپ نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے آپ اور پنجاب حکومت کے دیگر اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے۔ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اور نورینکو کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا ، اورنج لائن میٹرو ٹرین کی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان، مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، لارڈ میئر لاہور،، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور ڈویڑن اوراعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
(بی بی سی اردو)