کراچی ، میر پور خاص، رحیم یار خان(کرائم رپورٹر+ نامہ نگار+ اے پی پی) گلشن اقبال میں جھونپڑیوں میں لگنے والی آگ نے کمسن بچی کی جان لے لی جبکہ 40 سے زائد جھونپڑیاں جل کر راکھ ہوگئیں۔ گلشن اقبال کے بلاک13 - سی میں ٹیلیفون ایکس چینج کے عقب میں جھونپڑوں میں آگ منگل کی شام تقریباً چار بجے لگی تھی جو فائر بریگیڈ کے عملے کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے تیزی کے ساتھ پھیلی اور جھونپڑیوں کے مکینوں کو اپنا سامان نکالنے کی مہلت بھی نہیں مل سکی جبکہ کمسن بچی صائمہ بھی شعلوں میں گھر کر بری طرح جھلس گئی اور ہلاک ہوگئی۔ علاوہ ازیں میرپورخاص سول اسپتال روڈ پر سولر کی دکان میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔ فائر بریگیڈ ایک گھنٹے تاخیر سے پہنچی جبکہ رحیم یار خان میں چاچڑاں شریف کے علاقہ میں میں بے نظیرشہید پل کے نزدیک جھونپڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے 18سالہ نوجوان جھلس کرجا ں بحق جبکہ10سے زائد مویشی ہلاک ہو گئے جبکہ 50سے زائد جھونپڑیاں اور سامان جل کر خاکستر ہوگیا، متعدد خواتین اور بچوں بھاگ کر جانیں بچائیں۔
گلشن اقبال کراچی میں آتشزدگی‘ کمسن بچی جاں بحق‘40 جھونپڑیاں خاکستر
May 23, 2018