ریاض (اے پی پی) یمن کی آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے الحدیدہ بندرگاہ پر ترکی کے بحری جہاز پر میزائل حملے کی ذمہ داری حوثی باغیوں پر عائد کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے باغیوں نے الحدیدہ بندرگاہ پر ترکی کے ایک بحری جہاز کوگزشتہ پیر کونشانہ بنایا تھا۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے ترکی کے جس جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا وہ گندم لے کر آرہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں نے ماہ صیام کے دوران یمنی شہریوں کے لئے بھیجے گئے امدادی سامان پر بھی قبضہ کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی جنگ کے دوران شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی امداد بھی لوٹ رہے ہیں۔