لاہور(خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، انسینریٹر اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور ضلعی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔اوکاڑہ میں فلٹر کلینک سی ٹی سکین کاافتتاح کیا۔ وزیر اعلی نے ضلعی ہسپتال چنیوٹ میں ہیپاٹائٹس فلٹرکلینک کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک مریض نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میں کہا کہ شہباز شریف آپ حقیقی مسیحا ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شہری کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ سرکاری ہسپتال میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے وی وی آئی پی ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں حقیقی انقلاب برپا کیا ہے۔شہبازشریف نے اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت کے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے اقدامات بار آور ثابت ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی کی مئی2018ء میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی بتایاگیاہے ۔پنجاب تعلیم اور صحت کے میدان میں تمام صوبوں سے آگے ہے ۔ وہ دن دورنہیں جب پاکستان کا شمار ملایشیاء اورترکی جیسے ممالک کے ساتھ مخالفین دھرنے،دن رات گالی گلوچ اورالزام تراشی کرتے رہے جبکہ ہم کام اورعوام کی خدمت کرتے رہے اورعوامی خدمت کے ریکارڈ بنائے۔اس لئے میں کہتا ہوں کہ’’ پنجاب پھر ہے ٹاپ پر…کچھ رحم کرواپنے آپ پر‘‘ ۔ دھرنوں،گالی گلوچ،الزام تراشی اورمنفی سیاست کے باعث عوام انہیں نفرت اورغصہ سے دیکھ رہے ہیں ۔لوگ ان کی جھوٹ اورالزام تراشی کی سیاست سے متنفر ہوچکے ہیں۔اسی لئے میں کہتا ہوں کہ’’ جھوٹا نیازی کا ہر الزام ہوا،دنیا میں پنجاب کا نام ہوا،زرداری بری طرح ناکام ہوا‘‘۔ہم نے دن رات عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورعوامی خدمت کے جھنڈے گاڑے ہیں۔پنجاب کی ترقی کو’’مانا زمانہ اب ڈھونڈے کا نیازی کوئی اوربہانا‘‘۔نیازی صاحب نے 100دن کا ایجنڈا دیا ہے ۔عوام پوچھتے ہیں کہ انہوںنے پچھلے پانچ سال میں کیا کیا؟۔نیازی کی حکومت نے کے پی کے کو برباد کردیا اوراب 100دن کا ایجنڈا دے کر قوم کو بیو قوف نہیں بناسکتے ۔نیازی نے تو 100دن کا ایجنڈا دیا ہے ہم 1000سے زائدعوامی خدمت کے منصوبے مکمل کرچکے ہیں ۔تعلیم اورصحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے ،اس لئے میں کہتا ہوں کہ ’’سچی عزت ملتی ہے صرف کام سے…کچھ نہیں ہوتا نیازی کے الزام سے ‘‘،’’دکھا کر تماشامداری گئے نیازی اور آصف زرداری گئے‘‘۔یہ عناصر الزام لگاتے رہیں ،دن رات جھوٹ بولتے رہیں لیکن ہم عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ہماری حکومت نے محنت ،امانت اوردیانت کی داستانیں رقم کی ہیں جبکہ نیازی نے جھوٹ کے ریکارڈ بنائے ہیں ۔انہوںنے کے پی کے میں نہ تو کوئی ہسپتال بنایا اورنہ ہی کوئی تعلیمی ادارہ اوران کے بجلی پیدا کرنے کے دعوے بھی جھوٹے ثابت ہوئے ۔ نیب آئینی ادارہ ہے،کرپشن کا کھوج لگانااس کی ذمہ داری ہے،تاہم احتساب شفاف ہونا چاہیے،اگر ایسا نہیں ہوگا تو پھرسوالات اٹھیں گے اور لوگ ضرور باتیں کریںگے۔ جہاں اچھا کام ہوا ہے اس کی ستائش بھی ہونی چاہیے اور برے کام کی گرفت بھی لازمی ہے۔نیازی نے کے پی کے کا بیڑہ غرق کیا اورزرداری نے سندھ کو برباد اورکراچی کو کرچی کرچی کیا۔انہوںنے کئی سو ارب روپے ہڑپ کیے،اس کا بھی احتساب اورحساب ہونا چاہیے۔بلاامتیاز احتساب سے ہی ملک کو صحیح معنوں میں قائدو اقبال کا پاکستان بنایا جاسکتا ہے ۔ میری عدالت عظمی ،نیب اورتمام اداروں سے درخواست ہے کہ آئیں ملکر پاکستان کی تعمیر کریں،اچھا کام کرنے والوں کی ستائش ،برے اور کرپٹ عناصر کو برے کے گھر تک پہنچائیں۔پارٹی چھوڑنے والوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کیلئے دعا ہی کرسکتا ہوں کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔ مسلم لیگ(ن) ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اوراس کی ملک بھر میں نمائندگی ہے پارٹی میں مشاورت کا عمل چلتا رہتا ہے اورپالیسی مشاورت سے بنتی ہے۔ضروری نہیں کہ سب کسی رائے سے اتفاق کریں اوریہی جمہوریت کا حسن ہے۔2018ء کے انتخابا ت میں عوام دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیںگے اورعوام فیصلہ کریں گے کہ کس نے ان کی خدمت کی اور کس نے وقت برباد کیا۔ شہبازشریف سے ارکان اسمبلی‘ بلدیاتی نمائندوں اور مسلم لیگی رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے میگا پراجیکٹ دوسرے صوبوں کیلئے مثال بن چکے ہیں۔ نیازی صاحب کو 100 دن کی بجائے قوم کے 22ماہ ضائع کرنے کا حساب دینا ہوگا۔