اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیشن رپورٹ) وفاقی کابینہ نے فاٹا کو خیبرپی کے کے ساتھ ضم کرنے کیلئے آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کونسل کو وفاقی حکومت کے امور کار کے حوالہ سے مشاورتی باڈی کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔ بلتستان کی حکومت کو وسیع تر انتظامی اور مالیاتی اختیارات کی منتقلی کے ساتھ گلگت بلتستان کے شہریوں کو تمام حقوق اسی طرح حاصل ہوں گے جیسا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے عوام کو دستیاب ہیں۔ کابینہ نے 8 اور 11 مئی 2018ء کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ اجلاس نے توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے 12 اکتوبر 2017ء کو اس کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور بوسنیا ہرزوگوینیا کے درمیان دفاعی صنعت کے شعبہ میں تعاون کے بارے میں معاہدہ کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ اور بزنس فرانس کے درمیان ایم او یو پر بھی دستخط، فاصلاتی تعلیم کے شعبہ میں ایجوکیشنل سائنٹیفک پروڈکٹیو کمپلیکس انٹرنیشنل آف کرغزستان اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اشتر عباس کی جج بینکنگ کورٹ IV لاہور کے طور پر تقرری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس نے جج بینکنگ کورٹ IV کراچی سید ذوالفقار علی شاہ کی ہائی کورٹ سندھ واپسی کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ان کی جگہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹنڈو محمد خان اجلال حیدر میمن کی تقرری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبید احمد خان کی بطور جج سپیشل کورٹ (انسداد منشیات۔II) کراچی کی مدت میں 7 مئی 2018ء سے مزید دو سال کے عرصہ کیلئے توسیع کی بھی منظوری دی۔ جسٹس (ر) چوہدری شاہد سعید کی آئی پی او پاکستان میں چیئرمین کاپی رائٹ بورڈ تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے پی این ایس سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنو تقرری بھی منظوری کر لی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی کے چیئرمین کی تقرری کی مؤثر بہ ماضی منظوری بھی دی۔ اجلاس کے دوران ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت کی بھی منظوری دی گئی۔ پی ایس کیو سی اے کی لازمی سرٹیفکیشن مارک سکیم میں مختلف آئٹمز کی شمولیت کی تجویز بھی منظور کر لی گئی۔ کابینہ نے اوگرا گیس (تھرڈ پارٹی رسائی) رولز 2018ئ، کابینہ نے نیشنل ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ) پالیسی، ڈیجیٹل پاکستان پالیسی، صومالیہ کو 14 ملین ڈالر کی گرانٹ سہولت کی فراہمی کے معاہدہ پر دستخط ، لندن سکول آف اکنامکس میں جناح وزیٹنگ پروفیسر شپ کی تشکیل کی تجویز بھی منظور کر لی۔ پاکستان ایکسپو سنٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نجی شعبہ کے ارکان کی نامزدگی کی بھی منظوری دی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کل جمعرات 24مئی کو قومی اسمبلی میں فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کی 30 آئینی ترمیم پیش کرے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پارلیمانی رہنمائوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا اجلاس ہوا جس میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اجلاس میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر‘ پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سرتاج عزیز، عبدالقادر بلوچ، زاہد حامد، بیرسٹر ظفر اللہ ،صاحبزادہ طارق اللہ، غلام احمد بلور، آفتاب شیرپائو، حاصل بزنجو، شاہ جی گل آفریدی، محمد بشیر ورک، خالد مقبول صدیقی، بلال رحمان اور سید غازی گلاب جمال نے شرکت کی۔