اسلام آباد (عبداللہ شاد ) 50 لاکھ چھوٹے مکانات ، ایک کروڑ نوکریاں، جنوبی پنجاب صوبے کا قیام اور فاٹا کا انضمام پی ٹی آئی کے سو روزہ پروگرام میں شامل ہے۔ ان شاء اللہ تحریک انصاف بجلی اور گیس سستی کرنے کا وعدہ بھی پورا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی نارتھ پنجاب کی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر نوشابہ منان کیانی نے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمچیئرمین تحریک انصاف کی قیادت میں ملک و قوم کی بہتر خدمت کریں گے۔انشاء اللہ پی ٹی آئی کا انتخابی منشور بھی لوگوں کی مکمل ترجمانی کرے گا۔ ایک سوال پر ڈاکٹر نوشابہ منان کیانی نے کہا کہ پارٹی قیادت صاف ستھرے کردار کے حامل افراد کو انتخابی میدان میں اتارے گی اس ضمن میں صدر نارتھ عامر کیانی پارٹی مینڈیٹ کے تحت متوقع امیدواروں سے انٹرویوز کر رہے ہیں۔پارٹی قیادت انشاء اللہ میرٹ کی شمع روشن رکھے گی یقینا اس بار انقلابی نوعیت کے حامل امیدوار متعارف ہوں گے۔ ایک سوال پر پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ فاٹا انضمام کے معاملے پر حکمران مقامی افراد سے زیادہ، اپنی سیاست کی فکر کرتے رہے جب انھیں پتہ چلا کہ اہل فاٹا اورکے پی کے کے عوام یہ خواب پورا کرنا چاہتے ہیں تو انھوں نے یوٹرن لیا۔ تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام اور اہل فاٹا کی توقعات کو سو روزہ پلان میں شامل کر کے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے ۔ نگران وزیراعظم کی نامزدگی کے بارے میں سوال پر ڈاکٹر نوشابہ کیانی نے بتایا کہ پی ٹی آئی ہر سطح پہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ کی مخالفت کرے گی ہم کسی ایسے عبوری وزیراعظم کو قبول نہیں کریں گے جو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی بجائے ان کے مفادات کا تحفظ کرے۔
تحریک انصاف بجلی اور گیس سستی کرنے کا وعدہ پورا کرے گی،نوشابہ منان
May 23, 2018