ٹیکساس فائرنگ میں جاں بحق سبیکا شیخ آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردخاک

امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔طالبہ کی تدفین کے موقع پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔اس سے قبل سبیکا کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراو¿نڈ میں ادا کی گئی۔گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت سیاسی رہنماو¿ں اور شہریوں کی بڑی تعداد حکیم سعید گراو¿نڈ میں موجود تھی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے صبح 4 بجے کے قریب کراچی پہنچی تھی۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی۔امریکی قونصل جنرل جون وارنر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔سبیکا کی میت کو سیکیورٹی کے ساتھ قافلے کی صورت میں گھر لایا گیا—کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں جمعہ (18 مئی) کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور دمیتری پارگورٹسز کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو اسی اسکول کا طالب علم ہے۔

ای پیپر دی نیشن