عمران نالائق اعظم‘ خزانے کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئیں: مریم نواز

May 23, 2019

بہاولپور‘ گجرات ( الیاس ذاکر‘ بیورو رپورٹ‘ ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز یہاں سابق وفاقی وزیر میاں محمد بلیغ الرحمن کی رہائش گاہ پر پہنچیںتو مسلم لیگی کارکنوں نے گاڑی پر پھولوں کی پتیاں پھینکی اور شاندار استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر میاں محمد بلیغ الرحمن مسلم لیگی رہنما سابق سنیٹر چوہدری سعود مجید‘ ڈاکٹر رانا محمد طارق رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی و دیگر شامل تھے۔ رانا ثناء اللہ، سینیٹرپرویز رشید، مریم اورنگزیب، کیپٹن( ر) صفدر مریم نواز کے ہمراہ تھے۔ مریم نواز نے سابق وفاقی وزیر میاں محمد بلیغ الرحمن کی اہلیہ اور بیٹے کی وفات پر تعزیت کی۔ بعدازاں باہر پنڈال میں مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ22 کروڑ عوام کوحکمرانوں نے مہنگائی کے سانحے سے دوچار کردیاہے نالائق وزیراعظم نے9 ماہ میں ملک کوبدحال کرکے رکھ دیاہے ملک کے خزانے کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کردی گئی ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ آج ہر چیز مہنگی ہورہی ہے۔ پٹرول، بجلی، گیس، چینی سمیت ہرچیزکوآگ لگی ہوئی ہے ہرروزبری خبر ہی آتی ہے نالائق حکومت کسی سانحہ سے کم نہیں غریب بچوں کی روزی پوری کرے یابجلی کابل اداکرے مہنگائی کے سبب گھریلوجھگڑے بڑھ چکے ہیں دوائیاں مہنگی ہوگئی ہیں آج آئی ایم ایف کی حکومت میں ملک کااللہ حافظ ہے۔ تنخواہیں اتنی ہی ہیں لیکن مہنگائی سوفیصدبڑھ گئی ہے نالائق وزیراعظم نے خزانے کی چابیاں ہی آئی ایم ایف کے حوالے کردی ہیں یہ ووٹ چور وزیراعظم ہے ووٹ چوری کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ ایک افطاری سے ہی ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ جب ووٹ کوعزت نہیں ملتی توکیاحال ہوتاہے انہوںنے کہاکہ کوٹ لکھپت کادروازہ جس دن ٹوٹے گاپاکستان ترقی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نالائق اعظم ہیں۔ دس ماہ ہوگئے عوام ایک اچھی خبر نہیں سن سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ ہے مدینہ کی ریاست کہ جہاں اسلام آباد میں ایک غریب کی بیٹی کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا، اس سانحے کی ذمہ دار حکومت وقت ہے، ہم انشاء اللہ معصوم فرشتہ کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں