ممبئی (آئی این پی)بھارتی خاتون اتھلیٹ گوماتھی مری موتھو گزشتہ ماہ 800میٹر ریس میں ایشین چیمپئین شپ جیتنے کے بعد ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئی ہیں۔انڈین اتھلیٹکس فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ دوحہ میں ایشین چیمپئین شپ جیتنے والی 30سالہ گوماتھی کے خون میں اینابولک سٹرائیڈ یا پرو ہارمون پائے گئے ہیں۔ترجمان کے بقول بی سیمپل ٹیسٹ ہونے تک گوماتھی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اگر بی سیمپل ٹیسٹ بھی مثبت آتا ہے تو انہیں چار سال تک کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور انڈیا ان کا جیتا ہوا سونے کا تمغہ بھی کھو دے گا۔خیال رہے کہ اتھلیٹکس فیڈریشن کی بین الاقوامی ایسوسی ایشن میں کھلاڑیوں کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال پر جانچ پڑتال کرنے والے یونٹ نے گوماتھی سمیت بحرین کے ایک رنر اتھلیٹ یونس کروا کی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کا اعلان منگل کی رات کو سوشل میڈیا پر کیا۔ٹویٹر پر جاری اس یونٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گوماتھی کے خون میں نورینڈرو سٹریون نامی پروہارمونز پائے گئے ہیں۔انڈیا کی جنوبی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی گوماتھی نے ایشین چمپین شپ میں 800میٹر کا فاصلہ محض دو منٹ 2.7 سیکنڈز میں طے کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔گوماتھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر حیران ہیں اور بی سیمپل ٹیسٹ کے نتائج دیکھیں گی۔تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق گوماتھی رواں سال مارچ میں انڈیا میں ہونے والے ڈوپ ٹیسٹ میں ہی ناکام ہوگئی تھیں مگر انڈیا میں کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کرنے والے یونٹ نے اس ٹیسٹ کے نتائج اتھلیٹکس فیڈریشن کو نہیں بتائے۔
بھارتی ایشئن چیمپئن اتھلیٹ کا ڈوب ٹیسٹ مثبت
May 23, 2019