کراچی ( وقائع نگار)نیب کراچی کے ڈائریکٹر جنرل برگیڈیئر ریٹائرڈ فاروق ناصر اعوان کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی کو فراہمی آب کے منصوبے کے فور کی اب تک ہونے والی پیش رفت اور اس میں درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسداللہ خان۔کے فور منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اسد ضامن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے فور منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدا میں اسے 260 ایم جی ڈی کے لئے ڈیزائن کیا گیا تھا بعد میں اسے 650ایم جی ڈی تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کراچی کو درپیش پانچ سو تہتر ایم جی ڈی کی کمی کا مقابلہ کیا جا سکے۔اس مقصد کے لیے پی سی ون میں تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے جس سے تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ نیسپاک دیکھ رہی ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی نے کے فور منصوبے میں ہونے والی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور پانی کی کمی کے حوالے سے شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا اور اس سلسلے میں نیب آفس کی طرف سے مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔