کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لئے تعمیر کی گئی جدید 1500 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل کی لانچنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈ مرل کلیم شوکت اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ میری ٹائم ویسل ایک کثیر المقاصد جہاز ہے جو کہ سٹیل ہل اور المونیم سپر اسٹرکچر کا حامل ہے اوریہ جہاز 95 میٹر طویل اور 12.2 میٹر عرض کا حامل ہے جبکہ یہ26 ناٹ کی رفتار حاصل کر سکتا ہے۔ جہاز چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کارپوریشن ) سی ایس ٹی سی( اور ہوانگ پو شپ یارڈ (چائنہ) کے تکنیکی تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے۔ جہاز پاکستان کی بحری تجارتی حدود میں بحری سکیورٹی کے نفاد اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے لئے تمام تر ساز وسامان سے لیس ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس، سی ایس ٹی (چائنہ) اور ہوانگ پو شپ یارڈ (چائنہ) کو قبل از وقت اس اہم سنگِ میل کی تکمیل پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ پراجیکٹ پاک چین دوستی کی ایک لازوا ل ا ور درخشاں مثال ہے۔سی پیک اور پاکستان کی بحری تجارتی حدود کے پھیلائو کے بعد پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ کی ذمّہ داریاں بہت بڑھ گئی ہیں۔ قبل از یں مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈ مرل اطہر سلیم نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں کہا کہ نو تعمیر شدہ میری ٹائم پیٹرول ویسل پاکستان کی بحری حدود کے دفاع کے لئے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ کی استعداد بڑھانے میں یہ مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے شپ یارڈ میں جاری منصوبوں بشمول پاک بحریہ کے لئے چار ہنگور کلاس آبدوزوں اور دو عدد ملجم کلاس کارویٹس کی تعمیر کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شپ یارڈ خود انحصاری اور معیشت کی ترقی جیسے قومی اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہے اور پچھلے پانچ سالوں میں15 مختلف جہاز تیار کر چکا ہے۔ تقریب میں حکومتِ پاکستان، پاک بحریہ ، چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی، ہوانگ پو شپ یارڈ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔