کراچی(نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ مادہ پرستی اور مفاد پرستی نے ملک اور روپے کی قدر ختم کردی ہے، اسلام دین فطر نے محبت اور مؤدت کا درد دیا ہے جبکہ مغرب نے انسان کو نفرت اور پیسے کے پیچھے دوڑادیا ہے نتیجہ اس کا یہ ہے کہ انسان کو انسان کھارہا ہے،اس وقت معاشی صورتحال کی بدترین وجہ کسی جنگ یا آفت کی وجہ سے نہیں بلکہ خدا سے باغی ٹولے کی پیروی کرنے اور ڈالر کی حرص کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال کالونیuc-4میں جماعت اسلامی کی طرف سے ایک عظیم الشان دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی نائب امیر نے مزید کہا کہ ماہ صیام ایمان، تقویٰ اور احتساب کا درس دیتا ہے اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ بندے کو ڈالر کے پیچھے دوڑنے کی بجائے اپنے رب ذوالجلال سے جڑنے اور اسکے دیئے ہوئے بابرکت اسلامی نظام حیات کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے جس سے دین اور دنیا دونوں جگہ پر کامیابی اور کامرانی نصیب ہوگی،کیوں کہ فرد اور معاشرے کی خوشحالی صرف اسلامی پاکستان بنانے پر منحصر ہے۔