اسوہ حسنہ پر عمل کر کے آج کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے: ڈاکٹر امینہ ہوتی

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے شعبہ علوم اسلامیہ اور ایچ ای سی کے زیراہتمام مکالمہ سیرت سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولیں سچ بولنے کی بہت سی برکتیں ہیں اور سچ بولنے میں ہی ہماری بقا ہے ۔ یورپ کے باشندے سچ بول کر بھرپور استفادہ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رمضان شریف کی برکات ہماری عبادات کے باوجود ذخیرہ اندوزی ، ٹیکس چوری ، ڈالر اندوزی اور دیگر تشدد کی وارداتیں سامنے آرہی ہیں جن پر قوم مضطرب ہے۔اور اس وقت حضورؐ کی سیرت طیبہ کا سہارا ہے جو موجودہ وزیراعظم عمران خان کے اس عز م کو تقویت دے سکتا ہے کہ ہمیں ریاست مدینہ بنانی ہے۔ہمارے مسلم سکالر ، فلسفہ ، معاشیات ، سیاسیات ، بینکنگ ، ادبیات ، انجیرنگ ، میڈیکل اور زرعی سائنسز میں ہونے والی تحقیقات کو اپنے نصاب اور تدریس میں لانے کے ساتھ ساتھ اپنے کردار اور شعور کو بھی حصہ بنائیں تو دنیا دیکھے گی کہ عشق مصطفے کیا رنگ لاتا ہے ۔وائس چانسلر نے کہاکہ ہمارا معاشرہ ایک پرآشوب دور سے گزر رہاہے۔سیرت سنٹرایچ ای سی اسلام آباد کی پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر امینہ ہوتی نے کہاکہ اسوہ حسنہ پہ عمل کرکے آج کے چیلنجز سے نبٹنا جاسکتا ہے۔ آپﷺ نے اپنے عمدہ اخلاق ، کردار، رحم ، صبر سے اسلام پھیلایا ۔ڈین لینگوئجز و اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر محمد شفقت اللہ نے کہا کہ قرآن مجید ترجمہ کے ساتھ پڑھیں اور اس پر عمل کریں ۔چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر محمد ادریس لودھی نے کہاکہ ہمیں اچھے مسلمان سائنس دان چاہیں ۔ ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے کہاکہ جامعات میں قرآن و سنت کی روشنی میں تحقیق کرکے لوگوں کے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن