سندھ خشک جبکہ باقی ملک میں بادل برسیں گے:محکمہ موسمیات

اسلام آباد: سندھ میں آج گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ ملک بھر میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جمعرات کی صبح جڑواں شہروں سمیت مختلف علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش نے موسم کو خوشگوار کر دیا جبکہ گرمی کی شدت میں بھی کمی آگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو پنجاب کے شہروں ملتان، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد جبکہ خیبر پختونخوا کے اضلاع مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ ڈویژن، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلات، ژوب ڈویژن، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بھی چند مقامات پر آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی سمیت سندھ میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ بلوچستان اور پنجاب کے بھی مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو بھی ملک بھی بیشتر حصوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ کوئٹہ قلات، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ، لاڑکانہ، چکوال، بہاولپور ڈویژن کے چند مقامات پر آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

بدھ کو سب سے زیادہ بارش قلات میں 13 ملی میٹر، خضدار 07 ملی میٹر، ژوب، دیر 05 ملی میٹر، بہاولنگر، لاڑکانہ میں 02 ملی میٹر، پنجگور، کوئٹہ، موہنجوداڑو میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بدھ کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع شہید بے نظیر آباد 44 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد، مٹھی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن