ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی پالیسی ترک کرے،بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے ،بھارت کالے قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق پامال کر رہا ہے،پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔جمعرات کو دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی افواج نے رواں ہفتے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، پاکستان کو سینئر حریت رہنمائوں کو زیر حراست رکھنے پر تشویش ہے،حریت رہنمائوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، بھارت کالے قوانین کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے حوالے سے رپورٹ نے بھی بھارت مظالم کا چہرہ بے نقاب کیا ہے، بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے، بھارت کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی پالیسی ترک کرنی چاہیے۔ترجمان دفترخارجہ نے بشکیک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خود اس ملاقات پر بہت جلد بیان دیں گے۔ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بنگلا دیش نے پاکستانیوں کو ویزوں کا اجرا معطل کرنے کی تردید کی ہے، اس حوالے سے بنگلا دیشی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔