مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی مظالم‘ بگڑتی صورتحال‘ شاہ محمود کا سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو فون

May 23, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے گزشتہ روز ٹیلی فون پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی سنگین صورتحال پر گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے گفتگو کے آغاز میں پی آئی اے کی پرواز 8303 کے کریش اور انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے تعزیت پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ممکنہ جانی نقصان اور اب تک کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قابض بھارتی افواج کی جانب سے فوجی چھاپوں، ظالمانہ کارروائیوں میں مزید تیزی اور مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر پاکستان کی سنگین تشویش کا اظہار کیا۔ اس ضمن میں وزیر خارجہ نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں حالیہ ڈومیسائل قانون کا حوالہ دیا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، چوتھے جنیوا کنونشن اور عالمی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کیا کہ کرونا وباء کے بحران کی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ وادی میں لاک ڈاون مزید سخت کردیا ہے۔ جعلی ’’مقابلوں‘‘ اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں کشمیریوںکو جبروتشدد کی مزید سفاکانہ نئی لہر کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور دیگر استبدادی اقدامات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زور دے کر کہا کہ اپنے داخلی مسائل، بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض افواج کے ظلم وجبر، مسلمانوں کے خلاف نسلی تعصب، نفرت اور اسلام مخالف اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بھارت کوئی ’’فالس فلیگ‘‘ آپریشن اور کوئی نئی مہم جوئی کرسکتا ہے۔ پاکستان عالمی برادری کو اس ضمن میںمسلسل پیشگی خبردار کرتا آیا ہے۔ بھارت کی طرف سے کسی بھی عاقبت نااندیشانہ اقدام کاپاکستان بڑا موثر جواب دے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعادہ کیا کہ پاکستان نام نہاد ’’لانچ پیڈز‘‘ سے متعلق دعوے کی ساکھ جانچنے کے لئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت اور پاکستان (یو۔این۔ایم۔او۔جی۔آئی۔پی )کو اجازت دینے کے لئے آمادہ ہے، اگر بھارت کوئی متعلقہ مصدقہ معلومات فراہم کرے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنگ بندی کی تمام خلاف ورزیوں کی مکمل رپورٹنگ کے ضمن میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت وپاکستان کے اہم کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو صورتحال مزید خراب ہونے، بھارت کو ہر طرح کے غیرقانونی اقدامات سے روکنے اور جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لئے اپنا مؤثرکردار ادا کرنا چاہئے۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری صورتحال کے بارے میں بروقت ، جامع بریفنگ اور آگاہی دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان معاملات سے متعلق اپنے حصے کا کردارادا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ترقی پزیر ممالک کے ذمے قرض میں رعایت دینے کے عالمی اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ قرض میں ریلیف عالمی معیشت بحال کرنے میں ایک اہم اور ناگزیر ذریعہ ہے۔

مزیدخبریں