افواج پاکستان کی طرف سے امریکی فورسز کیلئے حفاظتی سامان کا تحفہ، مدد پر شکریہ: پومپیو

May 23, 2020

اسلام آباد /واشنگٹن(این این آئی+ آن لائن) پاکستان کی جانب سے امریکہ کو طبی حفاظتی سامان کا تحفہ دیا گیا ۔ پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کے مطابق امریکہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے افواج پاکستان کی جانب سے امریکی مسلح افواج کو طبی حفاظتی سامان کا تحفہ دیا گیا ۔ سفارتخانے کے مطابق طبی حفاظتی سامان اسلام آباد سے پاک فضائیہ کے سی -130 طیارہ کے ذریعے میری لینڈ کے اینڈریوایئر فورس بیس پہنچا ۔اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان سمیت سفارتخانے کیاعلی حکام بھی موجود تھے ،امریکہ کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع برائے انڈو پیسیفک سکیورٹی امور ، ڈیوڈ ہیلوے سمیت ڈائریکٹر ریجنل افیئرز برائے ڈپٹی انڈر سیکرٹری آف ائیر فورس انٹرنیشنل افیئرز، بریگیڈیئر جنرل میتھیو ازلر اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کے مطابق یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دیرینہ اور قریبی تعاون کا مظہر ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کے مطابق سفیر پاکستان نے دو نوں ممالک کے عوام اور ان کی مسلح افواج کے مابین تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہاکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج نے ’’دہشت گردی ‘‘کا اکھٹے مل کر مقابلہ کیا ہے،پاکستان اور امریکہ کوویڈ- 19 جیسے وبائی مرض کے خلاف ایک ساتھ مصروف عمل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ اپنے بیان میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے کرونا کے خلاف جنگ میں امریکہ کو طبی امداد فراہم کرکے جذبہ خیر سگالی کا ثبوت دیا۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا سے بچائوکاحفاظتی سامان بھیجنے پرپاکستان کاشکریہ اداکرتے ہیں، پاکستان کی جانب سے ماسک،حفاظتی لباس بھیجنا کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں یکجہتی کی علامت ہے اپنے ٹویٹر پیغام میں مائیک پومپیو نے کہا کہ کروناکے خلاف جنگ میں ہم ایک ساتھ ہیں۔واضح رہے پاکستان نے سپر پاور امریکہ کو اظہار یکجہتی کے طور پر طبی حفاظتی سامان کا تحفہ بھجوایا، سامان گزشتہ رات اسلام آباد سے سی 130 طیارے کے ذریعے اینڈریو ایئر فورس بیس پہنچا۔سامان وصولی کے موقع پر امریکہ کی جانب سے قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری دفاع سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے، پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دونوں ممالک میں دیرینہ اور قریبی تعاون کا مظہر ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ امریکہ کو طبی سامان کا تحفہ بھیجنے پر خوشی ہے، اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان نے امریکہ کو طبی سامان کا تحفہ بھیجا، ورنہ ہمیشہ یہی دیکھنے کو ملتا تھا کہ بڑی طاقتیں پاکستان کو سامان بھیجتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم اس منظر نامہ کو تبدیل کر سکے، اس سنگ میل کیلئے ہمارے تمام انجنئیرز، سائنسدان اور دیگر لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مزیدخبریں