لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد پرندے بھی طیارے سے ٹکرائے‘ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایوی ایشن حکام کو طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ دے دی گئی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طیارہ لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد پرندوں سے بھی ٹکرایا۔ رپورٹ کے مطابق لینڈنگ گیئر خراب ہونے پر پائلٹ طیارے کو لینڈنگ کیلئے نیچے لائے۔ اس دوران بدقسمت طیارے سے ایک سے زیادہ پرندے ٹکرا گئے۔ اسی دوران طیارے کے دونوں انجن جزوی طور پر بند ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق انجنوں سے کم طاقت ملنے کے سبب جہاز کی بلندی انتہائی کم ہوتی گئی اور کچھ ہی دیر میں جہاز اپنی بلندی برقرار نہ رکھ سکا۔ اس موقع پر پائلٹ نے 'مے ڈے' کی کال بھی دے دی۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ رن وے پر پہنچنے سے پہلے ہی آبادی والے علاقے میں مکانات سے ٹکرا گیا۔ جس وقت طیارہ مکانات کی بالائی منزل سے ٹکرایا اس وقت وہ گلائیڈ کر رہا تھا۔

ای پیپر دی نیشن