لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) احاطہ عدالت میں لڑائی جھگڑے کے واقعات بڑھنے لگے، سیشن عدالت میں وکلاء پر تشدد کے دو واقعات سامنے آگئے۔ جعلی چیک کے معاملہ پرسیشن عدالت میں فریقین آپس میں لڑ پڑے، ایک دوسرے پر مکوں اور گھونسوں کی بارش کردی، کپڑے پھاڑ دئیے، متعدد زخمی ہو گئے،اس دوران ملزمان کی جانب سے دو وکلاء کو بھی تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تھانہ مسلم ٹاؤن میں درج جعلی چیک کیس کے مقدمہ کی سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نعیم سلیم نے بطور ڈیوٹی جج کیس پر سماعت کی۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے 26 مئی کو مقدمے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ملزمان فخرالدین ، بشری ندیم اور حرب کو تھانہ اسلام پورہ منتقل کر دیا۔