بڑابریک ڈائون،نصف کراچی کی بجلی معطل،ملک کا ترسیلی نظام محفوظ

May 23, 2021

لاہور،کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز)کراچی میں کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی، 45 گرڈ سٹیشن بند ہوگئے، جس سے نصف کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق ای ایچ ٹی ٹرپنگ سے گلستان جوہر، نیو کراچی، گلشن اقبال، لیاری، کھارا در، لی مارکیٹ، بفرزون شادمان ٹاؤن، ناگن چورنگی، سرجانی ٹاؤن میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ڈیفنس فیز 7 سمیت مختلف فیز میں بھی بجلی کی فراہمی بند رہی۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کئی گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے بعد علاقائی سطح پر بحالی شروع ہو چکی ہے اور پی ای سی ایچ ایس‘ ڈیفنس‘ نیپا‘ سول لائنز‘ نارتھ ناظم آباد بلاک ایس اور دیگر علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔ دریں اثناء ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق شدید طوفان سے این ٹی ڈی سی کا مٹیاری پورٹ قاسم 500 کے وی کے ٹرانسمشن لائن ٹاور متاثر ہوئے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ سے 1200 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔ اس وقت ملک کا بجلی کا ترسیلی نظام بالکل محفوظ ہے۔ سسٹم میں وافر مقدار میں ضرورت کے مطابق بجلی موجود ہے۔ ٹاورز کی فوری مرمت کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ پاور ڈویژن اور این ٹی ڈی سی حکام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں