لندن ( نوائے وقت رپورٹ، این این آئی ) فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف ہزاروں افراد نے لندن میں احتجاج کیا۔ وسطی لندن کی فضا آزاد فلسطین اور اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔مظاہرے میں شرکت کیلئے دیگر شہروں سے بھی عوام کی بڑی تعداد لندن پہنچی تھی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے۔شرکاء نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے اسرائیل سے انسانی جانوں کے ضیاع کا حساب لیا جائے۔علاوہ ازیں تحریک کشمیر برطانیہ کی کال پر کشمیری اورپاکستانی تارکین وطن نے شہدائے حول اور غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے دیگر شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے برطانیہ بھر کے مختلف شہروں میں ڈیجیٹل مہم چلائی اور مظاہروں اور سیمیناروں کا انعقاد کیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک کشمیر کے زیراہتمام لندن ، ریڈنگ ، بولٹن ، گلاسکو، بریڈ فورڈ ، برمنگھم ، اولڈھم ، نیلسن اور برطانیہ کے دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں اور کانفرنسوں کے دوران عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کی طر ف مبذول کرائی گئی۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے لندن میں کہا کہ عالمی برادری نے کشمیرکے بارے میں بھارتی بیانیے کو مسترد کر دیا ہے ۔ سیمینار کا انعقاد جموںوکشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم کے چیئرمین تنویر الاسلام نے کیا تھا۔