امریکہ اسرائیل کو حقوق پامال کرنے سے روکے،جنگی جرائم پر عالمی عدالت جائیں گے،محمود عباس

May 23, 2021

مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) حکومتِ فلسطین نے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینی حکومت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کرے گی، اس سلسلے میں جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ٹھوس مؤقف اپنائے اور اسرائیل کو فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیوں سے روکے۔ صدر محمود عباس نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا اور جنگ بندی کیلئے عرب اور مغربی ممالک کی مساعی کو سراہا۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی توپ خانے کے ذریعے کی گئی وحشیانہ گولہ باری اور اس میں بے گناہ فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والی میڈیا بلڈنگ کا مالک اسرائیل کے خلاف مقدمہ کرنے عالمی عدالتِ انصاف پہنچ گیا۔ اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والی میڈیا بلڈنگ کا مالک کا کہنا ہے کہ میڈیا بلڈنگ پر حملہ جنگی جرم ہے، جس کے بارے میں اسرائیل جواز نہیں دے سکا۔ دوسری جانب حکومت فلسطین نے بھی عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فلسطینی حکومت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کرے گی، اس سلسلے میں جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر محمود عباس سے بات کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے مظالم اور غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ دریں اثناء جنگ بندی کے بعد فلسطینی اپنے تباہ حال گھروں کو واپس آنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ بحالی کی سرگرمیوں کیلئے عالمی امداد آنا بھی شروع ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی امدادی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں 22 ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

مزیدخبریں