اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے پر حکومت شرم کرے عمران خان کو آزمانے والوں نے عوام کو آزمائش میں ڈال دیا ہے۔ پنشن پر دس فیصد ٹیکس کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں عوام دشمن پالیسیوں کا مقابلہ کریں گے۔ خیبر پی کے میں شرح غربت 27 فیصد اور سندھ میں 7.6 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت جھوٹے دعوے کرکے پاکستان کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے،پیپلزپارٹی عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی۔ بلاول نے کہاکہ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلنے والوں کو معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے شرم آنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ایک جانب ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور دوسری جانب عمران خان بزرگ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر بھی ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔
حکومت معاشی ترقی کے دعوئوں پر شرم کرے،پنشن میں 10فیصد کمی مسترد،بلاول
May 23, 2021