بجٹ میں غریب،لوئر مڈل کلاس کو ریلیف دینگے:عثمان بزدار

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کے وسائل میں اضافے کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور بی او آر، پی آر اے، ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس، ایریگیشن اور مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ریونیو وسائل میں اضافے کے لئے سفارشات پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وسائل میں اضافے کیلئے آؤٹ آف دی باکس حل کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے عام آدمی پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لئے جامع اور پائیدار اقدامات بجٹ میں کرونا ٹیکس ریلیف قابل عمل انداز میں جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے بجٹ کے لئے 50 ارب روپے سے ٹیکس ریلیف کا اصولی فیصلہ کیا گیا، رواں بجٹ میں25 سے زائد سروسز پر ٹیکس ریلیف دیا گیا تھا۔ عثمان بزدار نے نئے مالی سال کے بجٹ میں مخصوص سروسز پر ٹیکس کی شرح مزید کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب اور لوئر مڈل کلاس کو ریلیف فراہم کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست اور غریب پرور پالیسیاں بنا رہی ہے۔ کم ازکم ٹیکسز کے ساتھ زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل کیاجائے۔ عام آدمی کو ریلیف دینا ہمارا مشن ہے۔ عثمان بزدار نے ملتان میں غیرمعیاری دوائی پینے سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہوا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ  نے صوبہ بھر میں عطائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی ہے جبکہ ملتان میں بچوں کو غیرمعیاری دوائی دینے والے عطائی کو گرفتارکر لیا گیا ہے اور کلینک سیل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن