ملتان(محمد نوید شاہ سے) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی مفاہمانہ پالیسی سے مولانا فضل الرحمن عدم اطمینان کا شکار ہو گئے‘ صدر مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم کے اجلاس کی اگلی تاریخ 24 جون دیکر موجودہ سیاسی صورتحال سے پی ڈی ایم کو عملاً آؤٹ کردیا۔ میاں شہباز شریف کی موجودہ سیاسی چال سے پی پی پی مطمئن ہو گئی۔ صدر مسلم لیگ ’ن‘ نے بھی پی پی پی کو پی ڈی ایم اجلاس میں شمولیت کی دعوت دے ڈالی۔ تفصیل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی مفاہمانہ اور ٹھہراؤ والی پالیسی سے مولانا فضل الرحمن عدم اطمینان کی کیفیت کا شکار ہیں۔ سیاسی ذرائع نے آگاہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو رہنما مریم نواز کی پالیسی تیز اور سخت تھی تاہم میاں شہباز شریف کی پالیسی ٹھہراؤ اور مفاہمانہ ہے مولانا فضل الرحمن پی پی پی کی مفاہمانہ پالیسی سے بھی اختلاف رائے رکھتے ہیں تاہم میاں شہباز شریف کی پالیسی مفاہمانہ ہے۔ سیاسی ذرائع نے آگاہ کیا ہے کہ میاں شہباز شریف نے پی ڈی ایم اجلاس کی اگلی تاریخ 24 جون طے کی ہے۔ یوں 1 ماہ تک کے لئے پی ڈی ایم عملاً موجودہ سیاسی منظر نامہ سے بھی باہر نکل گئی ہے۔ میاں شہباز شریف کی جانب سے پی پی پی کو بھی پی ڈی ایم کے اجلاس میں شمولیت کی دعوت کے بعد مختلف سیاسی حلقوں میں بھی چہ میگوئیاں ہوتی رہیں سیاسی ذرائع کے مطابق پی پی پی بھی میاں شہباز شریف کی مفاہمانہ پالیسی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہیں۔