کراچی ( نیٹ نیوز)کراچی میں کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی، 45 گرڈ سٹیشن بند ہوگئے، جس کے باعث گلستان جوہر، گلشن اقبال، سرجانی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق ای ایچ ٹی ٹرپنگ سے گلستان جوہر، نیو کراچی، گلشن اقبال، لیاری، کھارا در، لی مارکیٹ، بفرزون شادمان ٹاؤن، ناگن چورنگی، سرجانی ٹاؤن میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ڈیفنس فیز 7 سمیت مختلف فیز میں بھی بجلی کی فراہمی بند رہی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ملک کا پورا سسٹم اس وقت بالکل نارمل ہے، پاور ڈویژن این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کے اہلکار بجلی بحالی میں مصروف ہیں، ٹرپنگ کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کئی گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے بعد علاقائی سطح پر بحالی شروع ہو چکی ہے اور پی ای سی ایچ ایس‘ ڈیفنس‘ نیپا‘ سول لائنز‘ نارتھ ناظم آباد بلاک ایس اور دیگر علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق سسٹم میں حفاظت کی وجہ سے باقی ملک کی بجلی کا سسٹم بحال رہا۔