پنجابی اکھان (کیمبلپوری لہجہ)

May 23, 2021

زبان صرف الفاظ و تراکیب کا مجموعہ نہیں ہوتی بلکہ وہ اپنے دامن میں تہذیب و ثقافت کے مختلف مظاہر بھی سمیٹے ہوئے ہوتی ہے۔ یہ مظاہر جہاں اس زبان کی وسعت و جامعیت کی دلیل ہوتے ہیں وہیں اس کے حسن اور تاثیر میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔ تشبیہات، استعارات، محاورات اور کہاوتوں وغیرہ کا شمار انہی مظاہر میں ہوتا ہے۔ مذکورہ عناصر میں سے کہاوتیں ایک ایسا عنصر ہیں جس کی جڑیں اس سماج اور علاقہ کے اجتماعی شعور اور دانش سے جڑی ہوتی ہیں جس سے اس زبان کا تعلق ہوتا ہے۔ کہاوتیں کسی معاشرے کی لوک دانش کے عمق اور ہمہ گیری کا بھی پتا دیتی ہیں۔ کہاوت کے لیے انگریزی زبان میں saying اور پنجابی میں اکھان کی اصطلاح مستعمل ہے۔
پنجابی دنیا کی ان زبانوں میں سے ایک ہے جن کے بہت سے لہجے رائج ہیں اور ہر لہجہ منفرد خصوصیات کا حامل ہے۔ پنجاب کے طول و عرض میں پنجابی کے جو بہت سے لہجے بولے اور سمجھے جاتے ہیں ان سے میں ایک کیمبلپوری لہجہ بھی ہے جو اٹک اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں مستعمل ہے۔ پنجابی کے اسی لہجے کے ایک لسانی محقق طاہر اسیر ہیں جو اٹک کے ایک نواحی گاؤں میں رہتے ہیں۔ طاہر اسیر حال ہی میں کیمبلپوری لہجے کے سات سے زائد اکھان یکجا کر کے ایک کتاب کی شکل میں منظر عام پر لائے ہیں۔ اس کتاب کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں صرف اکھان ہی جمع نہیں کیے گئے بلکہ ساتھ ہی ساتھ ان میں استعمال ہونے والے مشکل الفاظ کی فرہنگ بھی پیش کی گئی ہے۔ یہ کتاب پنجابی زبان سے محبت کرنے والوں اور لسانی محققین کے لیے ایک خاص تحفہ ہے۔ طاہر اسیر نے جس محنت اور لگن سے اس کتاب کو مرتب کیا ہے اس کا اندازہ آپ کو کتاب پڑھ کر ہوگا۔ یہاں ایک قابلِ ذکر بات یہ بھی ہے کہ طاہر اسیر کا یہ اس نوعیت کا پہلا کام نہیں بلکہ کچھ عرصہ قبل وہ کیمبلپوری لہجے کی ایک پنجابی لغت بھی مرتب کرچکے ہیں۔ یہ دونوں کام انہوں نے کسی بھی ادارے کی مدد یا تعاون کے بغیر تن تنہا کیے اور دونوں کتابوں کو اپنے ذاتی وسائل سے ہی منظر عام پر لائے۔ طاہر اسیر کے یہ دونوں علمی کام یہ بتانے کے لیے کافی ہیں ہمارے چھوٹے شہروں، قصبات اور دیہات میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو سنجیدہ نوعیت کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں مشغول ہیں اور سرکاری اداروں کی اعانت اور مدد سے وہ لوگ اپنے کاموں کا دائرہ مزید بڑھا سکتے ہیں۔۔۔ طاہر اسیر کی ’پنجابی اکھان (کیمبلپوری لہجہ)‘ جمالیات پبلشرز نے اٹک سے شائع کی ہے اور اس کے ملنے کا پتا مدینہ بک ڈپو، کمیٹی چوک، اٹک شہر، اور فون نمبر 0312-5009072 ہے۔ (تبصرہ: عاطف خالد بٹ)

مزیدخبریں