لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری رزاق داؤد کے ساتھ ایوان وزیراعلی میں پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلی سردار عثمان بزداد نے پنجاب میں کوآپریٹو ایگری کلچرل فارمنگ کو فروغ دینے پر اتفاق اور کاٹن اور دیگر نقد آور فصلوں کے لئے کاشتکار کو معاشی مراعات دینے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں الائشوں سے پاک کپاس کے حصول کے لئے تمام تر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ، اسٹیچنگ انڈسٹری کے لئے ملتان میں پلگ اینڈ پلے سنٹر قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کو کپاس کی پیداوار کے حوالے سے ماڈل خطہ بنایا جائے گا، کپاس کی پیداوار میں اضافے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری او ردیگر صنعتوں کو فروغ ملے گا- عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ زراعت اور صنعت کے فروغ کے لئے جو کچھ ممکن ہوا ضرور کریں گے،پنجاب کو زرعی او رصنعتی لحاظ سے ماڈل صوبہ بنانے پر کام کررہے ہیں۔