لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ ملک میں انتشار، فتنہ، فساد کے خاتمے کیلئے محراب و منبر اپنا بھرپور کردار ادا کر ے گا۔ جمعۃ المبارک کو خطبات جمعہ اخوت ، محبت اور رواداری کے فروغ پر ہوں گے۔ ملک بھر میں استحکام پاکستان علماء و مشائخ کنونشنز منعقد کیے جائیں گے۔ پاکستان علماء کونسل کا اعلیٰ سطحی وفد تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر کے ملک میں رواداری اور عدم تشدد کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کرے گا۔ وزیر اعظم تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، تحریک انصاف اور حکومت مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ مسجد نبوی کے واقعہ کے بعد حجاج کرام و زائرین کیلئے تربیتی عمل بہت ضروری ہے ، ملک بھر میں پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے تعاون سے حجاج کیلئے تربیتی نشستیں منعقد کرے گی، یہ بات پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ کے اجلاس کے بعد چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر قائدین پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی و مذہبی قیادت کا تلخ رویہ ملک میں انتشار و فتنہ کا سبب بن سکتا ہے۔ لہذا سیاسی و مذہبی قائدین رواداری کے فروغ اور عدم برداشت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں۔ ملک کے موجودہ مسائل کا حل صاف شفاف انتخابات اور غیر جانبدارانہ احتساب ہے۔ پاکستان علماء کونسل پاکستان کی حلیف ہے، ہم ریاست پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کیلئے تحریک انصاف کی حکومت سے تعاون کیا اور موجودہ حکومت سے بھی تعاون کریں گے۔