لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور شہر اور گرد و نواح میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے گرم موسم میں کچھ کمی ہوگئی، تیز گرد آلود آندھی سے شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، جبکہ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث شاہدرہ کے علاقہ بیگم کوٹ میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے تین بھائی ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہورشہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا، 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔آندھی سے لیسکو کے 270 زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ علاوہ ازیں بیگم کوٹ میاں کالونی میں دیوار گرنے سے 3 بھائی14 سالہ رضوان، 13 سالہ سفیان اور 12 سالہ احسان شامل زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تینوں زخمی بچوں کو ملبے تلے سے نکال کر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔