بلوچستان: آگ بجھائی نہ جا سکی‘ وادی تیراہ کے جنگل میں بھی لگ گئی‘ 5 افراد گرفتار


کوئٹہ، گلگت (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز+ اے پی پی) مغرب میں ایران سے گرد آلود مٹی کا طوفان بلوچستان میں داخل ہوگیا۔ کیسکو کے مطابق ان علاقوں میں ہائی ٹرانسمیشن لائن کی تاریں گر گئی ہیں اور پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود طوفان شمال مشرقی بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آگ سے متاثرہ کوہ سلیمان پر بارش کا امکان ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17، 171 شیرانی میں جنگلات میں لگی آگ بجھانے کا ریلیف آپریشن کررہے ہیں۔ بابوسر ٹاپ پر اچانک موسم کی خرابی اور شدید برف باری کے پیش نظر ہر قسم کی ٹریفک کی آ مدورفت  پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے دیامر پولیس کو احکامات جاری کر دیئے ہیں کہ وہ موسم مکمل صاف اور کلیئر ہونے تک چلاس زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ پر سیاحوں اور مسافروں کو بابوسر کاغان روڈ پر سفر سے روک دیں۔ 50 گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔ ایک فٹ برف پڑی ہے۔ بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ بجھائی نہ جا سکی۔ آگ سے بڑے پیمانے پر چلغوزے اور زیتون کے درخت متاثر ہو گئے۔ کئی نایاب جنگلی جانور آگ سے جھلس کر ہلاک ہو چکے۔ متاثرہ علاقوں کے مکین محفوظ مقامات پر منتقل کر دیئے گئے۔ آگ تیزی سے آبادی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ لیویز نے آگ لگانے والے 5 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ بلوچستان حکومت نے ٹاسک فورس قائم کر دی۔ دو ہیلی کاپٹر اور ایران کا جہاز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہے۔ فوج اور ایف سی بھی ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔ فائر فائٹنگ طیارہ دینے پر ایران سے اظہار تشکر کیا گیا ہے۔ خیبر کی تحصیل وادی تیراہ میں بھی جنگلات میں آگ لگ گئی۔ 4 کلو میٹر تک جنگلات کو لپیٹ میں لے لیا۔ ایف سی اور ریسکیو کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن