صحبت پور ( نامہ نگار) دس روز قبل بھنڈ شریف میں مسلح افراد کے ہاتھوں شہید ہونے والے ندیم بادینی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر بھنڈشریف میں سیاسی وسماجی حلقوں اور تاجر برادری کی جانب سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اوراحتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شرکاء ریلی نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس کے خلاف اور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب میں بی این پی جعفرآباد کے صدراحسان احمد کھوسہ نے کہا کہ پولیس بیگناہ ندیم احمد بادینی کے ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کرسکی‘ پولیس کی سست روی نا قابل برداشت ہے۔انہوں نے ایس ایس پی صحبت پور ڈی آئی جی نصیرآباد اور آئی جی بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ شہید ندیم کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔