لاہور(سپورٹس رپورٹر)جرمن قونصل خانہ میں ’نائٹ مارکیٹ‘ کے نام سے خصوصی تقریب ہوئی۔جرمنی کے شہر برلن میں اگلے سال منعقد ہونے والے ’سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز برلن 2023‘ میں شمولیت کیلئے تیار پاکستان کی ٹیم کی پذیرائی اور گیمز کے مقصد کو اْجاگر کرنے کیلئے جرمن قونصل خانہ میں ’نائٹ مارکیٹ‘ کے نام سے خصوصی تقریب ہوئی۔ خصوصی کھلاڑیوں ماہم، حمیرا اور جسمین و دیگر نے سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں اچھی کارکردگی کا عزم کیا۔اگلے برس جون میں جرمنی کے شہر برلن میں منعقد ہونے والے سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں سپیشل اولمپکس پاکستان کا 121 رکنی دستہ شرکت کریگا۔ان میں 51 مرد اور یونیفائیڈ پارٹنرز، 7 مرد کوچز اور ایک ڈاکٹر شامل ہوگا جبکہ 36 خواتین کھلاڑیوں اور یونیفائیڈ پارٹنرز کیساتھ 13 خواتین کوچز اور 3 آفیشلز بھی گیمز کا حصہ ہوں گے۔مارکیٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی کو سپیشل اولمپکس ٹیم کو عطیہ کیا جائیگا اور عطیہ کی یہ رقم کھلاڑیوں کی ویلفیئر کیلئے استعمال کی جائیگی۔مختلف سٹالز پر آرٹس اینڈ کرافٹس ڈسپلے کیے گئے، ٹرک آرٹ اور سندھی دستکاری بھی توجہ کا مرکز بنی رہی، کھانے پینے کے سٹالز میں وزٹرز نے خاص دلچسپی دکھائی۔