باغبانوں کو پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت 


لاہور (اے پی پی)محکمہ زراعت پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں تاکہ اچھی کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکے۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق گرمی اور خشکی سے پھل جھلس جاتا ہے اور اس کا چھلکا پھٹ جاتا ہے جس سے خاصیت متاثر ہوتی ہے۔ زیادہ گرمی پتوں کے مسام بند کرنے کا باعث، ضیائی تالیف کا عمل صحیح طور پر نہیں ہوتا اور پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے پتے زرد ہو جاتے ہیں اور ان میں سبز مادہ (کلوروفل)نہ ہونے کی وجہ سے پتے نشاستہ یعنی کاربوہائیڈریٹ نہیں بنا سکتے اور اس طرح پھل کی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے، سخت گرمی پھل کے شدید کیرے کا باعث بنتی ہے اور پھل کا بیشتر حصہ مئی اور جون کے مہینوں میں ہی گر جاتا ہے، پودے کیساتھ ساتھ پھل بھی داغ دار ہو جاتاہے کیونکہ بعد دوپہر گرمی کا زیادہ اثر اسی طرف ہوتا ہے، اس قسم کا زیادہ نقصان ترشاوہ پھلوں میں خاص طور پر لیموں، مالٹا اور گریپ فروٹ پر ہوتا ہے، کمزور، چھوٹے یا ایسے پودے جن کو پانی کم ملتا ہو گرمی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن