مری(نامہ نگار خصوصی) سول ڈیفنس ٹورسٹ پروٹیکشن فورس مری کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سول ڈیفنس آفس مال روڈ پر ایک تقریب کاانعقاد کیاگیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک مری ڈاکٹر آصف کمال کاکہنا تھا کہ سول ڈیفنس مری کی کارگردگی کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، چاہے برفباری کا سیزن ہو،گرمائی سیزن ہو بارش ہو ہر موسم کی سختیاں ہوسول ڈیفنس مری نے سٹی ٹریفک پولیس سے مل کر نہ صرف ٹریفک کو رواں دواں رکھا بلکہ سیاحوں کی مدد کے لیے بھی ہر لمحہ متحرک رہے ۔تقریب میں بیٹ انچارج شفیق الرحمان اور ڈی او ٹریفک طارق جاوید خان نے بھی شرکت کی۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے سول ڈیفنس انچارج مدیحہ جمیل کو ایوارڈ سے نوازا جبکہ پوسٹ وارڈن شہزاد احمد راجپوت، ڈپٹی پوسٹ وارڈن ارسلان احمد، سیکٹر وارڈن محمد وقار سمیت تمام اہلکاروں کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکٹ بھی دئیے۔ سول ڈیفنس ٹورسٹ پروٹیکشن فورس کی انچارج مدیحہ جمیل نے ڈی ایس پی ٹریفک ڈاکٹر آصف کمال اور تمام ٹریفک پولیس کے تمام عملے کا ان کی حوصلہ افزائی کرنے پرشکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ڈیفنس مری آئندہ بھی اسی طرح ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر نہ صرف ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مدد فراہم کرے گی۔