حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) حکومت کی جانب سے حافظ آباد میں13کروڑ روپے کی گرانٹ جاری ہونے کے باوجود آسٹروٹرف گرائونڈ کی تعمیر کاکام شروع نہ ہوسکاجس کے خلاف ضلع بھر کی ہاکی ٹیموںکے کھلاڑی سراپا احتجاج بن گئے۔ کھلاڑیوںکی کثیر تعداد نے یہاں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر الحاج زاہد فاروق، سیکریٹری سلمان بٹ اور صابر بٹ کی قیادت میں بتایاکہ آجکل ہاکی آسٹروٹرف پر کھیلی جارہی ہے لیکن حافظ آباد اس گرائونڈ سے بدستور محروم چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے قومی سطح پر حافظ آباد کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔آٹھ ماہ پہلے حکومت نے پنجاب سپورٹس بورڈ کو حافظ آباد میں آسٹروٹرف گرائونڈ بنانے کے لئے 13کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے تھے۔ لیکن ضلعی انتظامیہ نے پنجاب سپورٹس بورڈکو ابھی تک جگہ فراہم نہیںکی جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی گرانٹ بائونس ہونے کے خدشات پیداہوچکے ہیںانہوںنے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حافظ آاباد میں آسٹروٹرف گرائونڈ کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔