کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے 34اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم بروز 23مئی سے شروع ہوگی جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہارایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر حمیداللہ ناصر نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے26لاکھ33ہزار سے زائدبچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران10 ہزار868کے قریب ٹیمیں حصہ لینگی۔جن میں 8ہزار818موبائل ٹیمیں،947فکسڈسائٹ او597ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ اس مہم کے دوران بچوں کووٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔پولیو کو ہرانے کی جنگ میں والدین، سیاسی حلقوں، علماء کرام او ر انتظامیہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کی مثبت سوچ، رویوں اور مدد کی بدولت پولیوکی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا سمیت پوری دنیا میں اسی ویکسین کے ذریعے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا گیا ہے۔ لہذا بچوں کو ہر مہم میں قطرے پلانے میں کوئی حرج نہیں بلکہ اس سے پولیو وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔