لاہور(نوائے وقت رپورٹ)افغانستان کے بڑے ٹی وی چینلز نے خواتین میزبانوں کے چہرے ڈھانپنے کے حوالے سے طالبان کا حکم ماننے سے انکار کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے بڑے ٹی وی چینلز پر خواتین پریزینٹرز نے طالبان کے حکم نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے چہروں کو ڈھانپے بغیر اسکرین پر پروگرام پیش کیے۔منہ ڈھانپے بغیر پروگرام پیش کیے جانے سے متعلق شمشاد ٹی وی کے ہیڈ آف نیوز عابد احساس نے جرمن خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری خواتین ساتھیوں کو تشویش ہے کہ اگر وہ اپنے چہرے کو ڈھانپتی ہیں تو اگلے حکم میں انہیں کام کرنے سے روکنے کے لیے کہا جائیگا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ابھی تک اس حکم پر عمل نہیں کیا۔