دونوں مریضوں کی حالت مستحکم ہے، صحت حکام برلن
آئندہ دنوں میں مختلف ممالک میں منکی پاکس کے مزید کیسز بھی سامنے آسکتے ہیں،عالمی ادارہ صحت
جرمن کے دارالحکومت برلن میں بھی منکی پاکس کے2کیسز سامنے آگئے،2 افراد میں منکی پاکس نامی وبائی مرض کی تشخیص ہو گئی، انتظامیہ نے مزید کیسز سامنے آنے کی وارننگ جاری کر دی۔حالیہ ہفتوں میں، یورپ کے ساتھ ساتھ امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں 100 سے زیادہ تصدیق شدہ کیسزریکارڈ کئے گئے ۔ برلن میں صحت کے حکام نے کہا کہ دونوں مریضوں کی حالت مستحکم ہے تاہم مریض حالیہ دنوں میں کس کس سے ملے اس بارے میں پتا لگایا جا رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مختلف ممالک میں منکی پاکس کے مزید کیسز بھی سامنے آسکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اب تک 12 ایسے ممالک میں منکی پاکس کے کیسز سامنے آچکے ہیں جہاں اس سے پہلے یہ وائرس موجود نہیں تھا، رپورٹ ہونے والے کیسز میں 92 مصدقہ اور 28 مشتبہ کیسز شامل ہیں۔ خدشہ ہے کہ یہ وائرس دوسرے ممالک میں بھی پھیل سکتا ہے۔