لاہور (کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ محکموں کے اربوں روپے کے سالانہ بجٹ لیکن نتائج زیروہیں۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روزسول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹاسک فورس برائے زراعت کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے جس میں زراعت کے فروغ کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔صوبائی وزیر ایکسائزبلال افضل،سیکرٹری زراعت افتخار سہو، چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن ذکا اشرف، متعلقہ افسران اور زرعی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت میں بڑا پوٹینشل جس کو فروغ دے کر اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے زرعی سیکٹر کے فروغ کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھنا ہوگا اورگندم اور کپاس کی ایک اچھی فصل سے معیشت کو استحکام دیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے ہدایت کی کہ ٹاسک فورس برائے زراعت جدید زراعت کے فروغ اور فی ایکڑ پیدا وار میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات کرے اور زرعی تحقیق کو فروغ اور پانی کی کمی کے مسلے سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
محکموں کے سالانہ بجٹ اربوں روپے‘ نتائج زیروہیں:ایس ایم تنویر
May 23, 2023