لاہور‘ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) قصور میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق۔ لاہور میں ایک تاجر زخمی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرگ کر کے تاجر کو زخمی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندر کے علاقے لوہاراں والا کھوہ میں تین کار سوار مسلح ڈاکوؤں نے مقامی تاجر ملک عمران سے گن پوائنٹ پر 53 لاکھ 91 ہزار روپے نقدی لوٹ لی جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے عمران کو شدید زخمی کر دیا۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس بی کے علاقے میں محب غازی کے گھر سے 18 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ چوروں نے نشتر کالونی کے علاقے میں حمید اللہ خواجہ کی دکان سے 2 کروڑ روپے مالیت کا کپڑا، باٹا پور کے علاقے میں خلیل کے گھر کے تالے توڑ کر 9لاکھ 5 5ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، باٹا پور کے علاقے میں چور صفیہ خانم بی بی کے گھر سے 6لاکھ 10ہزار روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کر لی۔ ڈاکوؤں نے لیاقت آباد کے علاقے میں مزمل ارشد کی فارمیسی سے 70ہزار روپے نشتر کالونی کے علاقے میں قادر سے 45 ہزار روپے اور موبائل فون، نواب ٹاؤن میں رائے سمیع اللہ سے کاریں اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے کاہنہ، مصطفی ٹاؤن، چوہنگ اور ساندہ کے علاقوں سے چارکاریں جبکہ نیو انارکلی، شادمان، نشتر کالونی، ماڈل ٹاؤن، جنوبی چھاؤنی، نصیر آباد، غالب مارکیٹ اور فیکٹری ایریا کے علاقوں میں سے آٹھ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مصطفی آباد کے علاقے وراڑہ دلیپ کا رہائشی 48/49 سالہ علی محمد اپنی بیوی کے ساتھ گرین کوٹ سے گزر رہا تھا کہ ناکہ زن ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس سے علی محمد کو چار فائر لگے اور وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی بیوی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔
کئی وارداتیں‘ قصور میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل‘ لاہور میں تاجر زخمی
May 23, 2023