لاہور ( نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے وفد نے جناح ہائوس کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کی جبکہ وفد میں سابقہ اراکین اسمبلی و صدر لاہور خواتین ونگ سعدیہ تیمور ،سابق لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید،چیئرمین لیسکو حافظ میاں نعمان سمیت دیگر شامل تھے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے لیگی وفد کو نو مئی کے واقعات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ لیگی وفد نے قومی پرچم اٹھا کر پاک فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ صدر (ن) لیگ لاہور سیف الملوک کھوکھر نے نو مئی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہے تو پاکستان ہے،شرپسند عناصر نے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ موجودہ جناح ہاس کی حالت زار دیکھ کر لگتا ہے یہ سب کسی ملک دشمن نے کیا ہے۔ جب تک ان شرپسندوں اور ان کے سرپرستوں کو عبرتناک سزا نہیں دی، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شرپسند عناصر کے ساتھ محب وطن پاکستانیوں کا کوئی تعلق نہیں۔ مسلم لیگ (ن) مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ان والدین پر کیا بیتی ہو گی جن کے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں مگر یہ مناظر دیکھ کر لگتا ہے ایسا صرف ملک دشمن ہی کر سکتا ہے۔ ایسے عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے ۔پاکستان مسلم لیگ فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔