مضبوط فوج سلامتی، اتحاد کی ضامن : آرمی چیف 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔ نو مئی کے دوران فوجی تنصیبات اور شہداءکی یادگاروں پر حملے انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداءاور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات منعقد ہوئی جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق51 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوام متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداءکے اہلخانہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلاشبہ شہداءکی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں، شہداءکی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اس کے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفیسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداءکی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے25 مئی کو یومِ تکریمِ شہداءپاکستان منانے کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں وطنِ عزیز پاکستان کے امن و امان اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ اس حوالے سے افواجِ پاکستان، رینجرز، ایف سی، پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے شہداء اور شہداءپاکستان کا کردار نا قابل فراموش ہے۔ اس لئے ملک بھر میں شہداءپاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 25مئی کو ”یوم تکریم شہداءپاکستان“ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد جہاں ایک طرف شہداءکی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے وہاں قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے کہ شہدائ، ان کی فیملیز اور یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔ ذرائع کے مطابق یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان میں ملک بھر میں ہونے والی تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا تاکہ شہدائے پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پروگرام اور تقریبات کے ذریعے ملک بھر میں شہداءکے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعائیں کی جائیں گی جب کہ ملک بھر میں افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگار شہداءپر سلامی بھی دی جائے گی۔ یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے سلسلے میں مرکزی تقریب جی ایچ کیو کی یادگارِ شہداءپر منعقد کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن