چین کا داخلی معاملات میں مداخلت پر احتجاج، جاپانی سفیر کی طلبی

بیجنگ (اے پی پی) چین نے داخلی معاملات میں مداخلت پر احتجاج کرتے ہوئے جاپانی سفیر کو طلب کر لیا۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ سون وی ڈونگ نے بیان میں کہا جاپان نے ہیروشیما اور جی 7ممالک کے مشترکہ بیان میں چین پر الزام تراشی اور تنقید کی، چین کے اندرونی معاملات میں اس طرح کی غیر مہذب مداخلت خودمختاری، سلامتی اور قومی ترقی کے مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث ہے جس کی چین مذمت کرتا اور احتجاج کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان، ہانگ کانگ، زنجیانگ ایغور اور تبت کے امور چین کے اندرونی معاملات ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا چین باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کی کھلی حکمت عملی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی دباﺅ اور قرضوں کے جال میں پھنسانے کے الزامات چین پر نہیں لگائے جا سکتے۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے نشاندہی کی کہ یہ امریکا ہے جو بین الاقوامی نظام اور عالمی معیشت کی سرگرمیوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر کاربند رہا ہے اور اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو کم ترین سطح پر رکھا ہے جو قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن