گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں،ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹریکچر(AMI) کا نفاذ گیپکو کانمایاں کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹریکچر (AMI)کے نفاذ سے گیپکو اور اس کے صارفین کوبیک وقت میٹر کے ڈیٹا کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ تک رسائی حاصل ہو گی جس سے ایک طرف بجلی چوری اور تکنیکی نقصانات پر قابو پانے میں مدد بھی ملے گی جبکہ دوسری جانب اوور بلنگ کا خاتمہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکوکمپیوٹر سنر گوجرانوالہ میں نئے قائم کیے گئے ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹریکچر (AMI)سیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ،چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب،چیف انجینئر کسٹمر سروسز معظم فضل،ڈائریکٹر کمرشل میاں عرفان علی،مینجر آئی ایس محمد عامر حسن، مینجر اے ایم آئی سیل محمد آصف، ایڈیشنل مینجر آئی ایس عامر حفیظ، عرفان طفیل بٹ, نوید انجم سمیت گیپکو افسران و ملازمین نے شرکت کی۔وفاقی وزیرنے کہا کہ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچربجلی کی خرابی کی صورت میں نقص کی تیز ترین تشخیص اور بجلی کی فوری بحالی میں مددگار ثابت ہو گا اور صارفین کے سمارٹ موبائل/کمپیوٹر پر بجلی کے استعمال کے حوالے سے مکمل معلومات کی رئیل ٹائم فراہمی کے باعث صارفین کا بجلی کے استعمال کے اوقات اور بل پر صارف کے موثر کنٹرول سے بجلی کے ضیاع کا خاتمہ ہو گا اور بجلی کی خاطر خواہ بچت ہو گی۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے مینجر آئی ایس محمد عامر حسن نے بتایا کہ گیپکو اپنے صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی کیلئے تمام صنعتی اور زرعی میٹرز اپنے وسائل سے مرحلہ وار تبدیل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیپکو کمپیوٹر سنٹر گوجرانوالہ میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹریکچر (AMI)سیکشن کے قیام سے پراجیکٹ کے کاموں میں مزید تیزی و بہتری آئی گی۔ اور ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹریکچر سے متعلقہ تمام کام ایک ہی جگہ پر ممکن ہوں گے۔