غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے صوبے البرٹا کے جنگلات میں کئی ہفتوں قبل آگ بھڑک اٹھی تھی، آگ بے قابو ہونے کی وجہ سے 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے تھے اور 9 لاکھ 45 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا۔ البرٹاکی وائلڈ لائف ایجنسی سے منسلک کرسٹی ٹکر کے مطابق پیر کے روز آگ لگنے کی جگہ پر بادل برسے ہیں تاہم مزید بارش کی بھی توقع ہے۔ایجنسی کا کہنا ہے کہ بارش آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لینے والے فائرفائٹرز کیلئے مددگار ثابت ہوئی ہے جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کا موقع ملا ہے۔دوسری جانب البرٹا کی ایمرجنسی منجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہونے والی بارش آگ کو ختم کرنے کیلئے ناکافی ہے۔واضح رہے کہ البرٹا میں لگی آگ نے دوسرے صوبے برٹش کولمبیا کے جنگل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جبکہ جنگلات کے آگ کا دھواں امریکا تک بھی پہنچا تھا۔