حماد اظہر روپوشی کے بعد سامنے آ گئے‘ گرفتاری کیلئے جانے والی پولیس خالی ہاتھ واپس

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سانحہ نو مئی کے بعد سے روپوش پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر منظر عام پر آ گئے ہیں۔ حماد اظہر اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے جہاں انہیں دیکھ کر تمام لوگ حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی گزشتہ روز ہدایت موصول ہوئی جس میں انہوں نے روپوشی ختم کر کے منظر عام پر آنے اور پنجاب میں پارٹی کی سربراہی سنبھالنے کی ہدایت کی۔ میں عدالتوں پر یقین رکھتا ہوں اور پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر کے پھر پنجاب کی عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑوں گا، میرے خلاف درج تمام کیسز جعلی اور بے بنیاد ہیں اور امید ہے کہ عدلیہ بھی انصاف کرے گی۔ حماد اظہر نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل ملک میں قائم فسطائیت کے نظام کو ختم کریں۔ جلد مراد سعید سمیت دیگر رہنما بھی منظر عام پر آئیں گے۔ دریں اثناء پولیس حماد اظہر کو گرفتار نہ کر سکی اور خالی ہاتھ واپس لوٹ گئی۔

ای پیپر دی نیشن